بھٹکل 21/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور میں ایک خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش اُس وقت ناکام ہوگئی جب خاتون نے ہاتھ پکڑ کر کھینچتے وقت لوگوں کو مدد کے لئے پکارنا شروع کردیا، وارات منگل کی شب قریب نو بجے مرڈیشور کے نیشنل کالونی میں پیش آئی۔واقعے کے بعد بعد نہ صرف مرڈیشور بلکہ بھٹکل میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق مرڈیشور نیشنل کالونی میں ایک خاتون رات قریب نو بجے اپنے ہی مکان کے قریب واقع ترکاری دکان سے ترکاری خرید کر واپس اپنے گھر لوٹ رہی تھی کہ اچانک ایک بائک ، جس پر دو لوگ سوار تھے خاتون کو اکیلی دیکھ کر اُس کا ہاتھ پکڑلیا اور اُسے اپنی طرف کھینچنا شروع کردیا، مگر چونکہ عورت بھی صحت مند ہے، چینخ پکار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ہاتھ کو جھٹک کر الگ کردیا، یہ دیکھ کر بائک والے اُسے وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
خاتون کے بھائی ظریف حجیب نے ساحل آن لائن کو فون پر بتایا کہ بائک دراصل پہلے ان کی بہن کے قریب سے گذرگئی تھی ، آگے جاکر بائک والے نے بائک کو غالباً یہ سمجھ کر گھمایا کہ وہ اکیلی ہے اور سڑک پر اندھیرا ہے، بائک والے اس کے قریب پہنچ کر پہلے اس کا ہاتھ پکڑ لیا، پھر اُسے کھینچ کر قریب دس فٹ تک آگے بڑھ گئے، مگر ان کی بہن نے چینخ و پکار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ہاتھوں کو بھی جھٹک جھٹک کر خود کو چھڑالیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کا پورا منظر قریب کے ایک مکان کے باہر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا ہے اور دیکھا گیا ہے کہ بائک پہلے آگے بڑھ گئی تھی، پھر آگے بڑھ کر بائک کو واپس موڑا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بائک چلانے والاشخص ہالف پینٹ پہن رکھا تھا، جبکہ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار آدمی فُل پینٹ پر تھا۔
ظریف حجیب نے بتایا کہ واقعے کے تعلق سے مرڈیشور پولس تھانہ میں خبر کی گئی ہے ۔